نئی دہلی، 11 جون (یو این آئی) کانگریس نے راجیہ سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر پیسے کی طاقت کا استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ اس الیکشن میں مودی حکومت نے اتراکھنڈ اور اروناچل کی طرح آئین کی دھجیاں اڑانے کا کام کیا ہے . کانگریس کے ترجمان آر پی این سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی نے پھر آئین کی توہین کی ہے اور مودی حکومت نے بی جے پی امیدواروں کو جتانے کے لئے پیسے کی طاقت کا بھرپور استعمال کیا ہے. بی جے پی پر جمہوریت میں یقین نہیں رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 'نہ کھاؤں گا نہ کھانے دوں گا' کی بات کرتے ہیں لیکن راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی نے
ثابت کر دیا ہے کہ اس کے کہنے اور کرنے میں فرق ہے. جھارکھنڈ میں کانگریس اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے تین ممبران اسمبلی کے خلاف راجیہ سبھا کے لئے ہونے والی ووٹنگ سے عین قبل گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے یہ کام اپنے امیدوار کو جیت دلانے کے لئے ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کیا ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ جھارکھنڈ میں بی جے پی کا امیدوار جیتا ہے. انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے امیدواروں کو جتانے کے لئے پیسے کی طاقت کے ساتھ ہی اقتدار کی طاقت کا بھی استعمال کیا ہے. بی جے پی کے اس کوشش کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس پارٹی کا جمہوریت پرسے اعتماد اٹھ گیا ہے